HD

Sunday, 26 February 2023

نہ مدّتوں جدا رہے نہ ساتھ صبح و شام ہو نہ رشتۂ وفا پہ ضد نہ یہ کہ اذنِ عام ہو

بھلے دنوں کی بات ہے بھلی سی ایک شکل تھی
نہ یہ کہ حُسن تام ہو نہ دیکھنے میں عام سی

نہ یہ کہ وہ چلے تو کہکشاں سی رہ گزر لگے
مگر وہ ساتھ ہو تو پھر بھلا بھلا سفر لگے

کوئی بھی رُت ہو اُس کی چھب فضا کا رنگ و روپ تھی
وہ گرمیوں کی چھاؤں تھی وہ سردیوں کی دھوپ تھی

نہ مدّتوں جدا رہے نہ ساتھ صبح و شام ہو
نہ رشتۂ وفا پہ ضد نہ یہ کہ اذنِ عام ہو

نہ ایسی خوش لباسیاں کہ سادگی گلہ کرے
نہ اتنی بے تکلّفی کہ آئینہ حیا کرے

نۂ اختلاط میں وۂ رم کۂ بد مزۂ هوں خواۂشیں
نہ اس قدر سپردگی کہ زچ کریں نوازشیں

نہ عاشقی جنون کی کہ زندگی عذاب ہو
نہ اس قدر کٹھور پن کہ دوستی خراب ہو

کبھی تو بات بھی خفی کبھی سکوت بھی سُخن
کبھی تو کشتِ زعفراں کبھی اُداسیوں کا بن

سنا ہے ایک عمر ہے معاملاتِ دل کی بھی
وصالِ جاں فزا تو کیا فراقِ جاں گسل کی بھی

سو ایک روز کیا ہوا وفا پہ بحث چھڑ گئی
میں عشق کو امر کہوں وہ میری ضد سے چڑ گئی

میں عشق کا اسیر تھا وہ عشق کو قفس کہے
کہ عمر بھر کے ساتھ کو وہ بد تر از ہوس کہے

شجر حجر نہیں کہ ہم ہمیشہ پابہ گِل رہیں
نہ ڈھور ہیں کہ رسیاں گلے میں مستقل رہیں

محبتوں کی وسعتیں ہمارے دست و پا میں ہیں
بس ایک در سے نسبتیں سگانِ با وفا میں ہیں

میں کوئی پینٹنگ نہیں کہ اک فریم میں رہوں
وہی جو من کا میت ہو اُسی کے پریم میں رہوں

تمہاری سوچ جو بھی ہو میں اس مزاج کی نہیں
مجھے وفا سے بیر ہے یہ بات آج کی نہیں

نہ اُس کو مجھ پہ مان تھا نہ مجھ کو اُس پہ زعم ہی
جب عہد ہی کوئی نہ ہو تو کیا غمِ شکستگی

سو اپنا اپنا راستہ ہنسی خوشی بدل لیا
وہ اپنی راہ چل پڑی میں اپنی راہ چل دیا

بھلی سی ایک شکل تھی بھلی سی اُس کی دوستی
اب اُس کی یاد رات دن؟ نہیں! مگر کبھی کبھی

 - احمد فراز
Published from Blogger Prime Android App
تُو نے یہ ہاتھ مجھ سے  چھڑایا تو میں گیا 
میری  جگہ  پہ  اور  جو  آیا  تو  میں  گیا

یہ سانس تیرے ساتھ سے حاصل رہے مجھے
تُو  بن  گیا  اگر  جو  پرایا  ! تو  میں  گیا 

یہ سانحے سے کم تو نہیں ہے مرے لیے
اپنا کسی  کو  تُو  نے  بنایا  ! تو  میں  گیا 

اس کو سمجھ نہ خط کہ یہ فریاد ہے مری
تُو نے اسے کہیں سے جلایا ! تو  میں  گیا

اس خوف سے میں تجھ کو کبھی چھو نہیں سکا 
مطلب  کہ  تجھ  کو  ہاتھ  لگایا ! تو  میں گیا

میں نے مری جگہ پہ کسی اور کو کبھی 
تیرے  قریب  یار  جو  پایا  تو  میں  گیا 

خوفِ خدا وجہ ہے تبھی سوچتا ہوں میں
دل اک غریب کا جو ! دکھایا تو میں گیا

No comments:

Post a Comment