مردوں سے خالی بستی…!
دنیا میں شاید ہی کوئی ایسی بستی ہو جہاں گلیوں، بازاروں اور گھروں میں ہر طرف صرف خواتین اور بچے نظر آئیں، مگر مردوں کا وجود گویا مٹ چکا ہو۔
یہ کوئی افسانہ نہیں، بلکہ عراق کے صوبہ الانبار کی الصقلاویہ نامی بستی کی وہ دردناک حقیقت ہے جسے "مردوں سے خالی بستی" قرار دیا جاتا ہے۔ حالانکہ کسی زمانے میں یہ عباسی سلطنت کا دارالحکومت تھا۔
الجزیرہ کی 25 مارچ 2017 کی رپورٹ کے مطابق اس علاقے پر 2014ء میں پہلے داعش کے درندے قابض ہوئے۔
انہیں نے یہاں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں۔ صقلاویہ قتل عام بہت مشہور ہے۔ جس میں کیمیاوی گیس استعمال کی تھی داعش نے۔ بے شمار مرد داعشی خنزیروں نے مار دیئے۔ پھر جون 2016ء کو یہ علاقہ داعش کے چنگل سے آزاد کرایا گیا۔ اس دوران الحشد الشعبی نے الصقلاویہ کے سیکڑوں مردوں کو خواتین اور بچوں سے الگ کر کے حراست میں لیا۔ جس کے بعد ان میں سے بڑی تعداد لاپتا ہو گئی۔ مقامی خواتین نے الجزیرہ کو بتایا کہ تقریباً سات سو مرد اغوا یا لاپتا ہوئے، جبکہ متعدد افراد کو قتل کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔
ایک خاتون ام نور کی درد بھری پکار آج بھی دل چیر دیتی ہے:
"ہم اپنے مردوں کے بغیر واپس کیسے جائیں؟"
وہ بتاتی ہیں کہ ان کے شوہر، جو ایک استاد تھے، خواتین اور بچوں سے الگ کیے جانے کے بعد غائب ہو گئے، جبکہ ان کا اکلوتا بیٹا بھی قید میں ہے۔ برسوں گزر جانے کے باوجود نہ شوہر کا کوئی سراغ ملا، نہ بیٹے کی رہائی ہوئی۔
اسی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے اس وقت کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین کے حوالے سے بتایا گیا کہ فلوجہ سے نکلنے والے شہریوں کے خلاف ہونے والی زیادتیوں سے متعلق "قابل اعتماد اور افسوسناک رپورٹس" موجود تھیں، جن میں ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزامات بھی شامل تھے۔
مزید یہ کہ اس وقت کے گورنر الانبار صہیب الراوی نے کہا تھا کہ حکومتی تحقیقاتی کمیٹی کو الحشد الشعبی کے عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ ان کے مطابق تحقیقات میں 49 شہریوں کے قتل اور 643 افراد کے لاپتا ہونے کے حوالے سے دلائل سامنے آئے تھے۔
بعد میں مونٹے کارلو انٹرنیشنل نے الصقلاویہ کو "بلدة بلا رجال" (مردوں کے بغیر بستی) قرار دیتے ہوئے لکھا کہ 2016 کے واقعات کے بعد سیکڑوں خواتین آج بھی یہ نہیں جانتیں کہ وہ بیوہ ہیں یا ان کے شوہر زندہ ہیں اور بچے آج تک اس سوال کے ساتھ بڑے ہو رہے ہیں کہ ان کے والد کہاں ہیں۔
الصقلاویہ کبھی کھیتوں، کھجوروں اور پرامن دیہی زندگی کے لیے مشہور تھا۔ مگر آج اس کا نام عراق کی ان المناک بستیوں میں لیا جاتا ہے جہاں تاریخ کے ایک باب نے سینکڑوں خاندانوں کو ایسی اذیت میں مبتلا کر دیا، جس کا انجام آج تک واضح نہیں ہو سکا۔
یہ ان ماؤں، بیویوں اور بچوں کی دکھ بھری داستان ہے جو برسوں سے اپنے پیاروں کی واپسی کے انتظار میں زندہ ہیں اور جن کے لیے ہر گزرتا دن ایک نئے سوال کے ساتھ طلوع ہوتا ہے:
آخر ہمارے مرد کہاں گئے؟
(جاری ہے)
No comments:
Post a Comment